اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد کا پابند ہے، پانی سے متعلق کسی بھی بھارتی خدشے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان نے کہا کہ جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر فعال اور مؤثر ہے۔
منصور عثمان اعوان نے کہا کہ معاہدے کی رو سے کوئی بھی فریق یکطرفہ طور پر معاہدہ معطل نہیں کر سکتا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے خلاف وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین وٹو نے قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت کے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو یہ ایوان اعلان جنگ تصور کرتا ہے حکومت پاکستان اس معطلی کے خلاف اقدامات اٹھائے۔
پی پی پی رکن قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ پانی ہماری زندگی ہے اور ہم زندگی پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے مودی یہ کان کھول کر سن لے۔