پاکستان کی صف اول کی خاتون کوہ پیماؤں میں سے ایک نائلہ کیانی نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
نائلہ کیانی نے آج صبح 6 بجے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا سر کر لی۔
بھارت اور نیپال کی سرحد پر واقع کنچن جونگا بھارت کی بلند ترین چوٹی ہے، کنچن جونگا کے ساتھ نائلہ کیانی نے 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کر لیں۔
نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون ہیں۔ ان کی نظریں 8 ہزار میٹر سے بلند تمام چوٹیاں سر کرنے پر مرکوز ہیں۔
اس حوالے سے نائلہ کیانی نے کہا کہ کنچن جونگا سر کرنا میرا ذاتی کارنامہ نہیں، یہ تمام پاکستانی خواتین کےلیے ایک پیغام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کارنامہ پر فخر ہے لیکن میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔