• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہار میں انوکھا واقعہ، دولہا شادی کے منڈپ سے اغوا، 9 گھنٹے بعد ڈرامائی بازیابی

---تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
---تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست بہار میں شادی کے دوران انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں منڈپ سے دولہے کو اغوا کرلیا گیا، پولیس نے کارروائی کر کے 9 گھنٹے بعد اسے بازیاب کروالیا۔

 بہار کے ضلع گوپال گنج میں ایک شادی کی تقریب بھیانک خواب میں بدل گئی جب دولہا کو شادی کے منڈپ سے رقص کرنے والے ڈانس گروپ نے اغوا کرلیا، واقعہ اتنا حیران کن اور سنسنی خیز تھا کہ پورا گاؤں سکتے میں آ گیا۔

سونو کمار شرما کی شادی کی تقریب میں مقامی روایت کے مطابق رقص کی محفل سجائی گئی تھی، جس میں خواجہ سراؤں پر مشتمل گروپ نے پرفارم کیا۔

رات گئے شادی کی رسومات مکمل ہوچکی تھیں اور باراتی محفل رقص سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔

 اسی دوران جب رقاصوں نے پروگرام ختم کرنے کی کوشش کی تو بعض مہمانوں نے اس پر اعتراض کیا اور جھگڑا شروع ہوگیا، بات تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور ایک رقاصہ مسکان زخمی ہوگئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے کے بعد مسکان نے مبینہ طور پر مزید افراد کو طلب کیا، رات تقریباً 2 بجے ایک گاڑی میں کئی لوگ آئے، شادی کی تقریب پر دھاوا بولا، دلہن کے گھر والوں کو زد و کوب کیا اور دولہا سونو کمار کو منڈپ سے اغوا کر کے لے گئے۔

گھر والے شدید صدمے میں آ گئے اور فوراً پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے سرچ آپریشن کا آغاز کیا اور تقریباً 9 گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد دولہا کو بازیاب کروا لیا۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈانس گروپ اور شادی کے منتظمین کے درمیان پیسے کے لین دین پر تنازع تھا جو جھگڑے اور اغوا کا سبب بنا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دولہا کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

واقعے کے بعد پورے گاؤں میں سناٹا چھا گیا، لوگوں نے کہا کہ ایسا منظر صرف فلموں میں دیکھا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید