کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع ائیر پورٹ کے تحت ملیر و شاہ فیصل کالونی میں بجلی کی 18،18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ، اووربلنگ، بجلی کا بل ادا کرنے والوں کی بھی بجلی منقطع کرنے اور ریکوری ٹیموں کے ذریعے مکینوں کو ہراساں کرنے کے خلاف آئی بی سی ملیرو شاہ فیصل کے باہر احتجاجی دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کے الیکٹرک انتظامیہ اور حکومت کو متنبہ کیا کہ ملیر و شاہ فیصل کالونی کے عوام کے مسائل حل اور مطالبات منظور نہ کیے گئے تو نیشنل ہائی وے و دیگر شاہراؤں پر احتجاج اور اسے بلاک کرنے کا آپشن استعمال کیا جائے گا، موجودہ اور ماضی کی تمام حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کی سرپرستی اور حمایت کے باعث 20سال میں کے الیکٹرک ایک مافیا بن چکی ہے، نیپرا بھی سہولت کار کا بنی ہوئی ہے ،جماعت اسلامی عوام کی حمایت اور طاقت سے شہر میں بجلی و پانی سمیت دیگر مسائل کے حل اور اہل کراچی کے حق کے لیے احتجاج کا دائرہ وسیع کرے گی، اس موقع پر اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، امیر ضلع ائیر پورٹ محمد اشرف، پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکریٹری نجیب ایوبی، ناظم علاقہ ملیر کاشف شفیع و دیگر نے بھی خطاب کیا، منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک سخت گرمی اور حبس کے موسم میں بھی شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کر رہی ہے۔