• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رونالڈو نے النصر چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹبال کلب النصر چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔

سعودی پرو لیگ ختم ہونے کے چند گھنٹے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فٹبالر نے مبہم پوسٹ شیئر کر دی، جس میں انہوں نے النصر چھوڑنے کا اشارہ دے دیا۔

انہوں نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ باب ختم ہوگیا لیکن کہانی ابھی جا رہی ہے، میں اس سفر میں سب کا مشکور ہوں۔

خیال رہے کہ 40 سالہ فٹبالر نے 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ کر سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔ تاہم النصر کے ساتھ ان کا معاہدہ رواں سال جون میں ختم ہونے والا ہے۔

اس سے قبل سعودی پرو لیگ میں النصر کی جانب سے کھیلتے ہوئے رونالڈو 25 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، تاہم، النصر 70 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

النصر کو آخری میچ میں الفتح کے خلاف 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس میچ میں رونالڈو نے 105ویں بار النصر کی نمائندگی کی اور اپنا 99واں گول اسکور کیا۔ النصر اگلے سیزن کی اے ایف سی چیمپئنز لیگ میں بھی جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

اس سے قبل چند میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ رونالڈو کو ایک نامعلوم برازیلی کلب کی جانب سے منافع بخش پیشکش موصول ہوئی ہے جو اگلے ماہ ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا۔

دریں اثنا فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے بھی ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ فیفا کلب ورلڈ کپ میں ممکنہ طور پر رونالڈو کھیل سکتے ہیں۔

فیفا کلب ورلڈ کپ 15 جون سے 13 جولائی کے درمیان شیڈول ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید