• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے، چوہدری محمد قربان

حاجی چوہدری محمد قربان کوآرڈینیٹر، کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

اپنے بیان میں حاجی چوہدری محمد قربان کوآرڈینیٹر، کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن نے کہا ہے کہ کشمیر دنیا بھر میں انسانی حقوق کی پامالی کی ایک المناک داستان ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں مگر بدقسمتی سے سات دہائیوں سے زائد عرصے گزر جانے کے باوجود کشمیریوں کو یہ بنیادی حق نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپیل کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کو تسلیم شدہ حق خودارادیت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کریں۔ 

محمد قربان نے کہا کہ کشمیر تنازعہ دنیا کے طویل المدتی تنازعات میں سے ایک ہے جس نے لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔ 1948 اور 1949 کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، کشمیری عوام کو یہ حق دیا گیا تھا کہ وہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طور پر اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں تاہم، ان قراردادوں آج تک عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرے۔ کشمیریوں پر ظلم، جبر، اور تشدد کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ عورتوں، بچوں اور بزرگوں سمیت تمام کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دیے جائیں۔

کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کرنے کی پالیسی ترک کی جائے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ اور بھارت کشمیریوں کو آزادانہ رائے شماری کا حق دے۔ عالمی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ، یورپی یونین، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر فوری توجہ دیں۔ 

برطانیہ و یورپ سے مزید