لوٹن کونسل نے ایک نئی اسکیم ’اپنا گھر خود تلاش کریں‘ (Find Your Own Home) متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد بے گھر افراد کو ذاتی رہائشی حل تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اس اسکیم کے تحت ان افراد کو ذاتی مشورے اور مالی معاونت دی جا سکتی ہے تاکہ وہ نجی کرائے داری کے شعبے میں اپنا گھر حاصل کر سکیں۔
یہ اسکیم وزارتِ ہاؤسنگ، کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ کے تعاون سے شروع کی گئی ہے اور یہ سماجی رہائش کے لیے طویل انتظار کی نسبت جلد رہائش حاصل کرنے کا موقع فراہم کر سکتی ہے، خاص طور پر بڑی فیملیز کے لیے جنہیں کئی سال انتظار کرنا پڑتا ہے۔
لوٹن میں رہائش کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، کونسل کی مدد کے لیے رجوع کرنے والے خاندانوں کی تعداد ماہانہ اوسطاً 200 سے بڑھ کر 450 ہو گئی ہے، جس سے کونسل کے وسائل پر شدید دباؤ پڑا ہے۔
اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کونسل نے میری سیکول ہاؤسنگ اور سائن پوسٹس کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ اس مہم کو مؤثر طریقے سے چلایا جا سکے۔
فنانس، ہاؤسنگ اور بینیفٹس کے انچارج کونسلر روب روش نے کہا ہے کہ ہمارے پاس لوٹن میں سب کے لیے سماجی رہائش موجود نہیں، 12 ہزار سے زائد افراد ہاؤسنگ رجسٹر پر موجود ہیں، جن میں سے بعض کو گھر کے لیے 10 سال سے بھی زیادہ انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں رہائشیوں سے کہوں گا کہ وہ انتظار نہ کریں اور اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں، اس کا نجی کرایہ داری ایک فوری حل ہو سکتا ہے۔
میری سیکول ہاؤسنگ کی سی ای او میتھیو بوشنیل نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ لوٹن کی رہائش مارکیٹ میں لوگوں کو کن مشکلات کا سامنا ہے، ہمارا مقصد ہے کہ ہر فرد کو اس کی ضروریات کے مطابق رہائشی حل تلاش کرنے میں مدد دی جائے، چاہے وہ مشورہ ہو یا مالی تعاون۔
اسکیم کی سہولتیں اس اسکیم کے تحت ہر فرد کے لیے Personal Housing Plan (ذاتی رہائشی منصوبہ) تیار کیا جائے گا، جو گھریلو افراد کی تعداد، معذوری، مالی حالات یا دیگر معاونت کی ضرورت کے حوالے سے ترتیب دیا جائے گا۔
مالی مدد میں ایک ماہ کا ایڈوانس کرایہ، 5 ہفتوں کے کرائے کے برابر ڈپازٹ، کرائے میں کمی کے لیے معاونت، مالکان کے لیے ترغیبات، مالکان کے لیے مواقع شامل ہو سکتے ہیں۔
کونسل لیوٹن کے نجی مالکان سے بھی رابطہ کر رہی ہے تاکہ وہ اس اسکیم میں شامل ہوں، اگر مالک 12 ماہ کی کرایہ داری (AST) دینے پر رضامند ہو تو انہیں ایڈوانس ادائیگی، پہلا ماہانہ کرایہ، 5 ہفتوں کا ڈپازٹ، کرائے دار کی استطاعت کے مطابق کرائے میں اضافے جیسی مراعات دی جا سکتی ہیں۔