• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا، احساس نوجوان پروگرام کے تحت 220ملین کے بلاسود قرضے جاری

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے نوجوانوں کو باعزت روزگار سے آراستہ کرنے کیلئے شروع کردہ مثالی اور فلیگ شپ منصوبے "احساس نوجوان پروگرام " کے تحت صوبہ بھر میں کاروبار اور روزگار شروع کرنے کیلئے خطیر قرضے فراہم کئے ہیں۔ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے تحت شروع کردہ اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان کی نگرانی میں ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفیئرز خیبر پختونخوا کے تحت نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے شروع کردہ بلاسود قرضہ جات کے اس میگا منصوبے کے تحت بنک آف خیبر اور اخوت فاؤنڈیشن کے ذریعے یہ بلاسود قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اس کامیاب پروگرام کے تحت اس کی شروعات سے لیکر اب تک بنک آف خیبر کے تحت 220 ملین روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ بنک آف خیبر کو اس سکیم کیلئے 11981 درخواستیں موصول ہوئی اور بنک کے ذریعے قرضہ جات فراہمی کے سلسلے میں سکیم کے تحت منافع بخش روزگار اور کاروبار کے سلسلے میں مجموعی طور پر 145 قرضے منظور ہوئے ہیں۔احساس نوجوان پروگرام کے تحت چھوٹے قرضہ جات کے سلسلے میں اخوت فاؤنڈیشن کے تحت اب تک 4635 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔اس موڈ کے تحت 2050 بلاسود قرضے دیئے گئے ہیں۔ اس طرح اخوت فاؤنڈیشن کے تحت ان قرضوں کے ذریعے اب تک 314.32 ملین روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔
پشاور سے مزید