پشاور(لیڈی رپورٹر )فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری خیبرپختونخوا کے ریجنل نائب صدر عون علی سید اور ریجنل چیئرمین حاجی افضل سمیت بزنس کمیونٹی نے وفاقی اور صوبائی بجٹ میں بزنس کیمونٹی کی تجاویز کو نظر انداز کرنے اور لاگو ٹیکسز کی شرح کو بڑھانے سمیت نئے ٹیکسز نافذ کرنے کے فیصلوں کو عوام دشمن، کاروبار دشمن اور معیشت دشمن پالیسیز قرار دیتے ہوئے فی الفور مذاکرات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور میں پوسٹ بجٹ مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سرحد چیمبر آف کامرس سمیت صوبے کے زیادہ تر چیمبرز کے نمائندوں نے شرکت کی اور زوم لنک کے ذریعے بھی آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں عون علی سید اور ریجنل چیئرمین حاجی محمد افضل نے اجلاس میں تمام چیمبرز کے عہدیداروں اور چھوٹے بڑے کاروبار سمیت صنعت سے وابستہ افراد نے وفاق اور خیبرپختونخوا حکومتوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے بجٹ پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں معیشت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا۔