کراچی (اسٹاف رپورٹر )حسین آباد بلاک 3میں گولی لگنے سے جاں بحق ہونے وا لا حارث اپنے ہی دوست کے ہاتھوں فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوا،ملزم نے تھانہ جاکر پولیس کو گرفتار ی دے کر واقعے کی ذ مہ داری قبول کرلی ،جمعہ کو گولی لگنےسے جاں بحق 32سالہ حارث ولد عبدالعزیز عزیز آباد دو نمبر کا رہائشی اور بائیک رائیڈر تھا، پولیس کے مطابق مقتول کا قریبی دوست دلاور واقعے کے بعد ازخود تھانے پہنچا اور گرفتاری دے دی، ملزم دلاور نے بیان میں کہا کہ حارث میرا بچپن کا دوست تھا، وہ جمعہ کو میرے باڑے پر آیا تھا جہاں میرا پستول لوڈ حالت میں رکھا ہوا تھا اچانک گولی چل گئی یہ سب انجانے میں ہوا، میں نے جان بوجھ کر کچھ نہیں کیا ،وہ خود حارث کو اسپتال لے کر گیا ، دلاور نے مقتول حارث کہ اہلِ خانہ اور تمام لوگوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اسے گہرا افسوس ہے اور وہ جان بوجھ کر اپنے دوست کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے برآمد ہونے والے اسلحہ کا لائسنس تاحال فراہم نہیں کیا جا سکا، جبکہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم کے دوستوں نے غلط بیانات دے کر پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔