• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، برطرف ملازمین سے متعلق سروسز ٹریبونل فیصلے کیخلاف اپیل مسترد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے ٹائلز بنانے والی کمپنی کے ملازمین کو برخاست کرنے سے متعلق سروسز ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے کمپنی کو برخاست کئے گئے ملازمین کو بقایاجات قانون کے مطابق ادا کرنے کا حکم دیدیا، جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے مطابق کمپنی بند کرنے سے پہلے سندھ حکومت کو آگاہ کرنا تھا، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہم نے سیکریٹری لیبر سندھ کو درخواست دی تھی، ابھی فیصلہ نہیں ہوا ، جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس میں کہا کہ سیکریٹری لیبر گورنمنٹ نہیں ہے یہ الگ بات ہے وہ خود کو سرکار ہی سمجھتے ہیں، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کابینہ کو آگاہ کرنے کے لئے چیف سیکریٹری سندھ کو درخواست دینا تھی، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کمپنی دوبارہ بحالی کا کوئی امکان نہیں، 20 ،20 سال کی ملازمت میں فی کس 4 لاکھ روپے ادا کررہے ہیں، عدالت عظمی ٰنے برخاست ہونے والے ملازمین کو بقایاجات قانون کے مطابق ادا کرنے کا حکم دیدیا، استغاثہ کے مطابق ٹائلز کمپنی نے 2016میں کمپنی بند کرکے ملازمین کو برخاست کردیا تھا، سروسز ٹربیونل نے کمپنی کو برخاست ہونے والے ملازمین کو بقایاجات ادا کرنے کا حکم دیا تھا، سروسز ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف کمپنی نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید