کراچی(نیوزڈیسک)امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے صدر شی جن پنگ سے ’ بہت جلد’ بات کر سکتے ہیں اور ایسی ٹیلی فون کال دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی مذاکرات میں تعطل کو توڑنے میں مدد دے سکتی ہے۔مجھے یقین ہے کہ جب صدر ٹرمپ اور پارٹی چیئرمین شی جن پنگ کے درمیان بات چیت ہوگی تو یہ معاملہ حل ہو جائے گا،عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ٹرمپ نے بیجنگ پر جنیوا میں گزشتہ ماہ طے پانے والے ایک معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر عائد کردہ بہت زیادہ محصولات کو عارضی طور پر کم کرنا تھا، یہ عارضی وقفہ 90 دنوں تک جاری رہنا تھا۔وال سٹریٹ جرنل نے جمعہ کو رپورٹ کیا کہ چین کی جانب سے گاڑیوں اور چپس بنانے کے لیے درکار نایاب زمینی دھاتوں اور دیگر عناصر کے لیے برآمدی لائسنس کی منظوری میں سست روی نے امریکا کی مایوسی کو بڑھایا ہے۔