پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارت مسلسل پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، اس سلسلے میں پہلی بڑی پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ 6 جون سے سری لنکا میں ہونے والا ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ خاموشی سے ملتوی کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایشین کرکٹ کونسل نے باضابطہ کوئی اعلان نہیں کیا ہے لیکن ذمے دار ذرائع کے مطابق بھارت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ٹورنامنٹ نہ ہو سکا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر سلمان نصیر نے گزشتہ ہفتے دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کے حکام سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کےلیے اب سب سے بڑا چیلنج ستمبر میں ایشیا کپ کروانا ہے، جس کا میزبان بھارت ہے۔
پی سی بی کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ اس بارے میں ایشین کرکٹ کونسل کا میڈیا ڈپارٹمنٹ وجہ بتائے گا لیکن اس موقع پر یہ ٹورنامنٹ نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ اس بارے میں اے سی سی نے ابھی تک کوئی میڈیا ریلیز جاری نہیں کی اور اے سی سی حکام اس بارے میں بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔