پاکستان کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاکر اریکا حق نے انکشاف کیا ہے کہ ڈپریشن کے دوران صبا قمر نے ان کا بہت ساتھ دیا۔
اریکا حق کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہیں، ان کے 12 ملین ٹک ٹاک پر اور 4.2 ملین فالوورز انسٹاگرام پر ہیں، انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی کے مشکل لمحات کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ ایک مشہور میوزک ویڈیو کا حصہ بنیں، تو انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس وقت اپنے گھر والوں کا ساتھ تو حاصل تھا، لیکن کچھ اداکاروں نے بھی میرا ساتھ دیا، خاص طور پر صبا قمر نے، انہوں نے عاصم اظہر سے میرا نمبر لیا اور مجھ سے خود رابطہ کیا۔
اریکا نے بتایا کہ انہوں نے مجھے فون کیا، مشورے دیے، مجھے حوصلہ دیا اور ان کی باتوں سے مجھے بہت فائدہ ہوا، میں نے کسی تھراپی کے بغیر خود کو بہتر محسوس کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نفسیاتی دباؤ سے نکلنے میں صبا قمر کا خلوص اور رہنمائی کلیدی ثابت ہوئی۔
اریکا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میں اس وقت صرف 18 سال کی بھی نہیں تھی جب مجھے عاصم اظہر اور ینگ اسٹنرز کی ویڈیو میں کاسٹ کیا گیا، مگر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی کہ اسے کیوں کاسٹ کیا؟ یہ چیز میرے لیے بہت تکلیف دہ تھی اور میں ڈپریشن میں چلی گئی تھی۔
صارفین اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس انٹرویو کو سراہا اور صبا قمر کی انسان دوستی کو سراہا کہ وہ نوجوان فنکاروں کی دل سے حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔