• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی پوتی سے شادی کا خواہشمند نوجوان گرفتار

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ مار اے لاگو میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 23 سالہ نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا، نوجوان نے حیران کن طور پر دعویٰ کیا کہ وہ ٹرمپ کی پوتی کائی ٹرمپ سے شادی کرنا چاہتا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا، جب انتھونی تھامس ریئز نامی شخص نے مار اے لاگو کی بیرونی دیوار پھلانگی جس سے سیکیورٹی الارم بج اٹھا، واقعے کے فوراً بعد سیکرٹ سروس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

حکام کے مطابق اس نے بتایا کہ وہ ٹرمپ کی 18 سالہ پوتی کائی ٹرمپ سے شادی کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔

پولیس نے ملزم پر خلافِ قانون داخلے (Misdemeanor Trespassing) کا مقدمہ درج کیا ہے، ضمانت کی رقم 50 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

عدالت نے ریئز کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ، کائی ٹرمپ یا ان کے کسی بھی خاندان کے فرد سے کوئی رابطہ نہ کرے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ریئز ٹیکساس کے شہر ارونگ میں پیدا ہوا اور ایک کیشیئر کی حیثیت سے کام کرتا ہے، یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ اسی شخص نے گزشتہ برس نیو ایئرز ایو پر بھی مار اے لاگو میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

سیکرٹ سروس کے ترجمان کے مطابق واقعے کے وقت ٹرمپ یا ان کے اہل خانہ میں سے کوئی بھی شخص مار اے لاگو میں موجود نہیں تھا۔

کائی ٹرمپ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور وینیسا ٹرمپ کی بیٹی ہیں، وہ یونیورسٹی آف میامی کی نمائندگی کرتے ہوئے گالف کے کھیل میں ایک نمایاں ابھرتا ہوا نام ہیں اور مستقبل کی یونیورسٹی گالف اسٹار سمجھی جاتی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید