بھارتی دارالحکومت دہلی کے قریبی علاقے فرید آباد میں 21 سالہ ریاستی سطح کے بیڈمنٹن کھلاڑی مونو کو مبینہ طور پر ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ تعلقات کے شبے میں تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مونو راجستھان کا رہائشی تھا اور حال ہی میں اس نے 12 ویں جماعت کے امتحانات دیے تھے، اہلِ خانہ کے مطابق مونو ضلعی سطح پر کئی تمغے بھی جیت چکا تھا۔
پولیس کے مطابق مونو رواں سال اپریل میں ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ گھر سے بھاگ گیا تھا جس کے بعد لڑکی کے والد نے کھلاڑی کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا تھا، بعد میں لڑکی کو بازیاب کر لیا گیا جبکہ مونو لاپتہ رہا۔
مقتول کے چچا نریندر کا الزام ہے کہ مونو 17 مئی کو پولیس تفتیش میں شامل ہونے گیا تھا جہاں سے لڑکی کے اہلِ خانہ نے اسے اغواء کر لیا اور 3 دن تک تشدد کا نشانہ بنایا۔
20 مئی کو پولیس نے اہلِ خانہ کو اطلاع دی کہ مونو زخمی حالت میں لڑکی کے گھر کے باہر سے ملا ہے، اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دورانِ علاج اس کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں، 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔