• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: نوجوان تشدد کیس، متاثرہ نوجوان نے دونوں ملزمان کو شناخت کر لیا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے ڈیفنس اتحاد کمرشل میں نوجوان شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے کیس میں متاثرہ نوجوان نے دونوں ملزمان کو شناخت کر لیا۔

ملزم سلمان فاروقی سمیت 2 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت متاثرہ نوجوان سدھیر نے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ مجھے عدالت نے بلایا، مجھے آج وکیل نے بتایا تو میں پیش ہو گیا۔

عدالت نے سدھیر سے سوال کیا کہ آپ کو کسی قسم کا دباؤ کا سامنا تو نہیں؟

متاثرہ نوجوان نے عدالت کو بتایا کہ میں کوئی کیس نہیں کرنا چاہتا، میں نے ملزم کو معاف کردیا ہے، عدالت جو بھی فیصلہ کرے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

ملزم سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کی ضمانت مسترد

عدالت نے ملزم سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کی ضمانت مسترد کر دی۔

وکیل صفائی نے کہا کہ مقدمے کے اندراج میں دو روز کی تاخیر کی گئی، اسلحے کے زور پر دھمکانے کی ناقابل ضمانت دفعہ غیر ضروری ہے۔

عدالت نے کہا کہ متاثرہ شہری کے وکیل نے ملزمان کی ضمانت کے لیے این او سی پیش کیا، متاثرہ شہری نے عدالت میں پیش ہو کر این او سی کی تصدیق کی۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ متاثرہ شہری نے دباؤ کے زیر اثر این او سی پیش کیا،  واقعے کو بہت سے لوگوں نے دیکھا ہے، خدشہ ہے کہ ملزم ضمانت حاصل کر کے گواہان پر اثرانداز یا شواہد میں ٹیمپرنگ کر سکتا ہے۔

ملزمان کی ضمانت مسترد کرنے کا حکم نامہ جاری

عدالت نے ملزمان کی ضمانت مسترد کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو صرف جرم پر تشویش نہیں بلکہ اس کے پیچھے ذہنیت پر بھی ہے، ویڈیو شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ منظم جارحانہ اقدام تھا، متعدد لوگوں نے طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ شہری پر جسمانی تشدد کیا۔

عدالت نے کہا کہ ملزم سلمان فاروقی کے اثر کو نظر انداز نہیں کیا ج اسکتا، ایسی وجوہات موجود ہیں کہ ملزمان اپنے اثر کو استعمال کر کے تفتیش پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ کے خدشے کے پیش نظر ملزم کی ضمانت مسترد کی جاسکتی ہے، متاثرہ شہری کا این او سی بظاہر دباؤ کے زیر اثر معلوم ہوتا ہے، این او سی میں متاثرہ شہری حادثے کی ذمے داری قبول کر رہا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شہری کا دعویٰ مقدمے کے مندرجات سے منافی ہے، متاثرہ شہری مقدمے کا مدعی نہیں، مقدمے کا مدعی واقعے کا عینی شاہد ہے، ملزمان کا اقدام حیثیت کے غلط استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے ملزمان کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

یاد رہے کہ یکم جون کو کراچی کے علاقے ڈیفنس کے خیابان اتحاد کمرشل میں کار سوار نے موٹرسائیکل سوار پر تشدد کیا تھا۔

پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار شخص بہنوں کے ساتھ جا رہا تھا، موٹرسائیکل سے کار کو ٹکر لگی جس کے بعد کار سوار شخص نے موٹرسائیکل سوار شخص پر تشدد کیا۔

قومی خبریں سے مزید