• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھائی لینڈ: ہاتھی نے کریانہ اسٹور پر دھاوا بول دیا

----اسکرین گریب
----اسکرین گریب

تھائی لینڈ میں ایک جنگلی ہاتھی نے بھوک کے مارے ایک کریانہ اسٹور پر ہلہ بول دیا۔

 واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ ہاتھی قریبی جنگلاتی علاقے خاو یائی نیشنل پارک سے نکل کر سڑک کنارے موجود ایک اسٹور میں گھس گیا اور اپنی من پسند اشیاء سے پیٹ بھرنے لگا۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاتھی پلائی بیانگ لیک (Plai Biang Lek) اسٹور کے داخلی دروازے پر رکتا ہے، پھر بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اندر گھس جاتا ہے، وہ دکان کے کاؤنٹر کے قریب رک کر اطمینان سے بسکٹ اور کیلے کھانے لگتا ہے جبکہ لوگ اسے بھگانے کی کوشش کرتے ہیں مگر وہ بے پروا نظر آتا ہے۔

دکان کی مالک کملوئی کاکیو نے بتایا کہ ہاتھی نے تقریباً 9 پیکٹ میٹھے چاول کے بسکٹ، ایک سینڈوچ اور کچھ کیلے کھائے۔

ہاتھی نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا، صرف دکان کے فرش پر کیچڑ کے نشان چھوڑ گیا۔

کملوئی نے ہنستے ہوئے کہا وہ آیا، کھایا اور خوشی خوشی چلتا بنا۔

محکمہ جنگلات کے رضاکار کے مطابق یہ ہاتھی علاقائی طور پر پہچانا جاتا ہے اور اکثر گھروں میں خوراک کی تلاش میں آ جاتا ہے، لیکن یہ پہلا موقع ہے جب اس نے کسی دکان کا رخ کیا، دنائی نے بتایا کہ اس واقعے کے فوراً بعد ہاتھی نے ایک قریبی گھر کی کھڑکی کھول کر جھانکنے کی بھی کوشش کی۔

محکمہ جنگلات و تحفظِ حیات کے مطابق تھائی لینڈ میں 2024ء میں تقریباً 4000 جنگلی ہاتھی موجود تھے جیسے جیسے کسان اور آبادکار جنگلات میں گھس رہے ہیں، ان جانوروں کا قدرتی ماحول تیزی سے محدود ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں وہ خوراک کی تلاش میں انسانوں کی آبادیوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید