اسلام آباد: پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر اور معروف کاروباری شخصیت رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ اگر حکومتِ پاکستان ایک ہزار بسوں کی خریداری کیلئے واضح اور طویل المدتی کمٹمنٹ دے دے تو پاکستان میں جدید بسوں کی مینوفیکچرنگ ممکن ہے اور فیکٹریاں قائم کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جاپانی اور چینی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری لانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
رانا عابد حسین نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی معاشی اصلاحات اور صنعتی فروغ کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاری دوست ماحول کی تشکیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اصلاحات اور الیکٹرک و جدید بسوں کے منصوبے ملکی معیشت کے لیے نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں استحکام، امن و امان اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں پاک فوج کا کردار کلیدی ہے، جس کے باعث جاپانی اور چینی سرمایہ کار پاکستان کو ایک محفوظ اور قابلِ اعتماد مارکیٹ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
رانا عابد حسین کا کہنا تھا کہ جاپانی اور چینی کمپنیاں پاکستان میں صرف بسوں کی اسمبلنگ نہیں بلکہ مکمل مینوفیکچرنگ کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ حکومت خریداری کی گارنٹی دے۔ اس اقدام سے بسوں کے پرزہ جات کی مقامی تیاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بیرونِ ملک سے بسوں کی درآمد کے ساتھ ساتھ مقامی مینوفیکچرنگ کو ترجیح دی جائے تاکہ پاکستان صنعتی خودکفالت کی جانب تیزی سے آگے بڑھ سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ قیادت کی نیت اور سمت درست ہے، اب پالیسیوں کے عملی نفاذ سے پاکستان کو خطے کا ایک مضبوط صنعتی مرکز بنایا جا سکتا ہے۔