پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کی طرح ناروے اور اسکے صدر مقام اوسلو میں بھی مسلمان آج عید الاضحیٰ منا رہے ہیں، اس سلسلے میں مساجد میں نماز عید کا اہتمام کیا گیا۔
جن جگہوں پر نماز عید ہوئی ان میں جماعت اہلسنت ناروے مسلم سینٹر فروست، اسلامک کلچر سینٹر ورلڈ اسلامک مشن، مسلم سینٹر لورنسکوگ، اسلامک سینٹر اوسلو، ستونر بزم نقشبندی مسجد، مرکزی جماعت اہل سنت امرودگرینڈا مسجد اور دیگر مساجد میں نماز عید مذہبی جوش و خروش کے ساتھ ادا کی گئی۔
مختلف مساجد میں نمازیوں کی زیادہ تعداد ہونے کی وجہ سے نماز عید الاضحیٰ دو سے تین دفعہ ہوئی، مسلم سینٹر لورنسکوگ مسجد میں بھی نماز عید الاضحیٰ کی دو بار پڑھائی گئی۔
مسجد کے خطیب امام مفتی محمد طاہر عزیز نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ایک ایسی یادگار قربانی ہے جسکی کی یاد میں آج تک امت مسلمہ ہر سال اس کا انعقاد اور اہتمام کرتی ہے۔
ناروے اور پورے یورپ میں بسنے والے مسلمان جہاں جہاں عید منارہے ہیں ان کو عید کی مبارک باد دیتا ہوں اور خصوصاً اس دن کے حوالے سے جو ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہمیں اللہ کی رضا کے لیے قربانی کا اہتمام کرنا ہے۔
انھوں نے کہا یہ قربانی ہمارے لیے اس اعتبار سے بھی فائدہ مند ہے کہ ہم اپنی انا اور ذات کی قربانی دیں اور انسانیت سے محبت کریں۔
یہی دراصل قربانی کا پیغام تھا کہ انسان کو بچانا ضروری ہے اور انسانیت کے تحفظ اور بقا کے لیے ہی اللہ تعالی نے اتنے اہتمام کے ساتھ اس فریضہ کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔