نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کے بارے میں امریکی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ 2028ء کے صدارتی انتخاب میں حصہ نہ لینے پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس کے قریبی حلقوں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں صدارتی دوڑ سے دور رہنا ان کے سیاسی مستقبل کے لیے بہتر ہو سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی گرتی ہوئی عوامی مقبولیت اور عالمی سیاسی کشیدگی کے باعث ریپبلکن پارٹی کو دباؤ کا سامنا ہے، جس کا اثر جے ڈی وینس کی سیاسی ساکھ پر بھی پڑ سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق وینس کے حامیوں کا ماننا ہے کہ وہ ابھی صرف 41 برس کے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کے پاس صدارتی سیاست میں آنے کے کئی مواقع موجود ہو سکتے ہیں، اسی لیے انہیں مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ 2028ء کا انتخاب چھوڑ کر کسی زیادہ موزوں وقت کا انتظار کریں۔
رپورٹس کے مطابق ایک قریبی ذرائع نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کو بتایا کہ اگر وہ ابھی صدارتی دوڑ میں شامل ہوتے ہیں تو گزشتہ چند برسوں میں ہونے والے تمام سیاسی فیصلوں اور تنازعات کا بوجھ بھی ان پر آ جائے گا۔
تاہم بعض سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ امریکی سیاست میں صدارتی امیدوار بننے کا موقع بار بار نہیں ملتا۔
ایک اور ذرائع کے مطابق ہر سیاستدان کے لیے وائٹ ہاؤس تک پہنچنے کی کھڑکی بہت محدود ہوتی ہے، اگر آپ اس وقت قدم نہ بڑھائیں تو شاید دوبارہ ایسا موقع نہ ملے۔
مزید کہا کہ اگر جے ڈی وینس 2032ء یا 2036ء تک انتظار کرتے ہیں تو اس دوران اپنی سیاسی اہمیت برقرار رکھنا ان کے لیے بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔