کوئٹہ(پ ر) سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر عطا گل حمزہ زئی نے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، ۔عید الاضحی ہمیں ایثار، اخوت، تقویٰ اور باہمی ہمدردی کا درس دیتی ہے۔ ہم اپنی ذاتی خوشیوں کو دوسروں کی بھلائی اور ضرورت مندوں کی مدد کے ساتھ جوڑیں ،غرباء، مساکین اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے دن مختلف مکاتبِ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی اور عید کی مبارک باد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں تعلیم پر بھرپور توجہ دینی ہوگی کیونکہ آج جن اقوام نے ترقی کی وہ تعلیم پر توجہ دینے سے ممکن ہوئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کیساتھ ہے ، بھارت ایک دہشتگرد ملک ہے اور اس کی پاکستان کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔انہوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک کی حفاظت کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے علاقے میں جاری خشک سالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خشک سالی سے زراعت سمیت عام زندگی پر اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، لہٰذا حکومت اور فلاحی اداروں کو چاہئے کہ اس ضمن میں فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں۔