کوئٹہ(آن لائن) جمعیت علما اسلام کے رکن اسمبلی غلام دستگیر بادینی نے کہا ہے کہ نوشکی انتظامیہ معصوم طالب علم ریاض کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے، سازش کے تحت نوشکی کو بدامنی کی طرف لے جا یا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوشکی کے علاقہ احمدوال میں مدرسے کے طالب علم ریاض احمد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نوشکی انتظامیہ قاتلوں کا سراغ لگانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے ،نوشکی کے عوام کو گمنام قاتلوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، جرائم پیشہ عناصرعوام کی جان و مال سے کھیل رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نوشکی انتظامیہ شہید طالب علم کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر ٹھوس اقدامات کرے تاکہ ورثا اور نوشکی کے عوام کو انصاف مل سکے ۔