معروف اے آئی چیٹ بوٹ ’چیٹ جی پی ٹی‘ بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی سعودی عرب اور بھارت کے بڑے سرمایہ کاروں سے ایک بڑی رقم اکٹھی کرنے کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اے آئی کمپنی نے سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف)، بھارت کی ریلائنس انڈسٹریز اور موجودہ شیئر ہولڈر متحدہ عرب امارات کے ایم جی ایکس سے 40 بلین ڈالرز کی فنانسنگ کے بارے میں بات کی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ کمپنی اس فنڈنگ کو اپنے نئے اے آئی سسٹمز اور ان کی مدد کے لیے درکار بڑے انفراسٹرکچر کی تعمیر کرنے کےلیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی، بھارتی اور اماراتی سرمایہ کاروں میں سے ہر ایک کم از کم سیکڑوں ملین ڈالرز کا حصہ ڈال سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اوپن اے آئی اپنے ماڈل کی ترقی اور پُرجوش انفرا اسٹرکچر پلان اسٹار گیٹ کو پورا کرنے کےلیے مزید سرمایہ اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔