تہران (اے ایف پی)ایران میں اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دیدی گئی، مجید موسیبی کی سزا پرعملدرآمدمکمل سپریم کورٹ کی توثیق کے بعد کیا گیا، ملک بھر میں جاسوسوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹس کے مطابق مجید موسیبی کو اسرائیل کیلئےجاسوسی اور اس کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کو حساس معلومات فراہم کرنے کی کوشش کے الزام میں اتوار کی صبح پھانسی دی گئی۔ عدلیہ کی سرکاری ویب سائٹ میزان کےمطابق سزا پرعملدرآمدمکمل فوجداری کارروائی اور سپریم کورٹ کی توثیق کے بعد کیا گیا ۔ واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ ہفتے بھی موساد کیلئےجاسوسی کرنے والے شخص کو پھانسی دی تھی۔میزان کے مطابق موساد کے ایجنٹ اسمٰعیل فکری کو زمین پر فساد پھیلانے اور،خدا کے خلاف جنگ جیسے سنگین جرائم میں سزا سنائی گئی تھی،ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق موساد کے ایجنٹ کو سزائے موت ایرانی سپریم کورٹ میں اپیل مسترد ہونے پردی گئی تاہم اسرائیلی ایجنٹ کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔ عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے مزید بتایا کہ ملک کے مغربی صوبےمانشا سے بھی تین افراد کو جاسوسی کے الزام میں گرفتارکیا گیا ہے، واضح رہے کہ13 جون کو ایران کےایٹمی سائنسدانوں، فوجی کمانڈرز اور میزائل تنصیبات پر حملوں کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے درجنوں اسرائیلی ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ان میں سے ایک یورپی ملک کا شہری بتایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے گزشتہ ہفتے جنوبی تہران میں موساد کی ایک 3 منزلہ ورکشاپ کا بھی سراغ لگا کر وہاں سے200 کلو بارود اور 23ڈرونز سمیت دیگر آلات بھی برآمد کئے تھے ، اس کارروائی میں بھی موساد کے 2 ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔