واشنگٹن (نیوز ڈیسک) ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملوں کےبعد امریکہ کے کئی شہروں اورریاستوں میں ہائی الرٹ کردیاگیا ہے،نیویارک، واشنگٹن،لاس اینجلس،نیو جرسی، ٹیکساس، الینوائے اور دیگر میں نگرانی اور پولیس گشت بڑھا دیاگیا ہے۔ اس حوالےسےایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈین بونگینو نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہےکہ ہم مکمل طور پر چوکس ہیں اوراثاثے مکمل طور پر مصروف ہیں۔ ہم چوکس رہتے ہیں۔ ہوم لینڈ سیکورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم کاکہنا تھا کہ ہم اپنے وطن کے تحفظ کیلئے مسلسل کام کریں گے۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کاکہناہےکہ ہم ایران میں پیداہونے والی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، کسی بھی غیرممکنہ صورتحال سےنمٹنے کیلئے مقامی رہنما اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہیں۔ ہم احتیاطی تدابیر کے تحت نیویارک بھر کےمذہبی، ثقافتی اور سفارتی مقامات پر اضافی اقدامات کر رہے ہیں ، اس کام کیلئے ہم وفاقی شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہیں، گورنرنیویارک کیتھی ہوچول کا کہنا تھاکہ نیویارک والوں کیلئےکوئی خاص خطرہ نہیں ہے، تاہم شہر کے مخصوص عالمی پروفائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اس صورتحال کو غیر معمولی طور پر سنجیدگی سے لے رہے ہیں،تمام ریاستی ایجنسیاں، یوٹیلیٹیز اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کسی بھی صورتحال سےنمٹنے کیلئےہائی الرٹ پر ہیں۔لاس اینجلس کے میئر کیرن باس کاکہناہےکہ موجودہ صورتحال کے تناظر میںہم اپنی برادریوں کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور اس کیلئے عبادت گاہوں اور دیگر حساس علاقوں کے قریب پولیس گشت بڑھارہے ہیں۔میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پولیس مذہبی اداروں میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گی۔ میئر موریل باؤزر نے کہا، ہم مل کر انٹیلی جنس کی نگرانی کر رہے ہیں اور ہمیشہ کی طرح سب کو چوکس رہنے کو کہتے ہیں۔نیو جرسی، ٹیکساس، الینوائے اور دیگر میں حکام اور رہنماؤں نےایران پر امریکی حملوں کے بعد سیکورٹی بڑھانےاور خطرے کی نگرانی میں اضافےکااعلان کیا ہے۔