پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی، پیر مصور خان نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں، چکدرہ ٹمبر مارکیٹ میں لکڑیوں کی جلد نیلامی کی جائے گی جس سے مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں چترال اور دیگر اضلاع سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفود نے معاون خصوصی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، انھوں نے بعض مسائل کو موقع پر حل جبکہ بعض دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔چترال کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے پیر مصور خان نے بتایا کہ چکدرہ ٹمبر مارکیٹ میں لکڑیوں کی جلد نیلامی کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ لکڑیوں کی نیلامی سے نہ صرف حکومت بلکہ ٹمبر کے کاروبار سے وابستہ افراد اور مقامی لوگ بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے وفد کو دیگر مسائل کے جلد حل کی بھی یقین دہانی کرائی۔