• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: پابندی کیخلاف دباؤ آنے پر ’رائٹرز‘ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بحال کردیا گیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارتی حکومت نے سچ دکھانے پر پاکستان کے بعد غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بھارت میں بند کر دیا، تاہم اس پابندی کے خلاف دباؤ آنے پر اکاؤنٹ کو دوبارہ بحال کردیا گیا۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جسے عالمی سطح پر آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر سنگین قدغن تصور کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے رائٹرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک صارفین کی رسائی کو قانونی مطالبے کی بنیاد پر روکا گیا ہے، جس کے بعد رائٹرز اور رائٹرز ورلڈ کے اکاؤنٹس تک صارفین کی رسائی ممکن نہیں رہی، تاہم اس اقدام کی وجوہات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین بھی اس کی شکایت سوشل میڈیا پر اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کر رہے ہیں۔

دوسری جانب عالمی میڈیا میں بھی بھارتی حکومت کا یہ اقدام شدید تنقید کا باعث بنا، جس کے بعد بھارتی حکومت رائٹرز کا ایکس اکاؤنٹ بھارت میں بحال کرنے پر مجبور ہوگئی۔

تاہم اس واقعے نے اس بات کو واضح کر دیا کہ بھارت میں آزادی صحافت اور اطلاعات کی آزادی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان اکاؤنٹس کی ’ آپریشن سندور‘ کے دوران صارفین تک رسائی روک دی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت نے سوشل میڈیا پر کسی اکاؤنٹ تک رسائی روکی ہو بلکہ بھارتی حکومت کا یہ قدم دراصل تنقید برداشت نہ کرنے کی پالیسی کا تسلسل ہے، جس کے تحت پہلے بھی بی بی سی، الجزیرہ، دی وائر، دی کاروان، اور دیگر آزاد صحافتی اداروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

رائٹرز کا مرکزی اکاؤنٹ جو کہ دنیا بھر میں 25 ملین سے زائد فالوورز رکھتا ہے، ہفتہ کی رات سے بھارت میں بلاک تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید