• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرو میں ساڑھے تین سال پرانا گمشدہ شہر دریافت

تصویر بشکریہ رائٹرز
تصویر بشکریہ رائٹرز

ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے پیرو کے شمالی صوبے بارانکا میں ایک 3500 سال قدیم شہر دریافت کیا ہے جسے پینی کو (Peñico) کا نام دیا گیا ہے۔

 ماہرین کے مطابق یہ شہر قدیم زمانے میں تجارتی مرکز کے طور پر استعمال ہوتا تھا جو بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں، اینڈیز کے پہاڑی سلسلے اور ایمیزون کے جنگلاتی علاقوں کو آپس میں ملاتا تھا۔

یہ تاریخی مقام لیما سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال میں اور سمندر کی سطح سے 600 میٹر بلند واقع ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ شہر 1800 سے 1500 قبل مسیح کے درمیان تعمیر ہوا، یعنی وہی دور جب مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں بھی ابتدائی تہذیبیں ابھر رہی تھیں۔

ماہرین نے 8 سال کی کھدائی اور تحقیق کے بعد یہاں سے 18 عمارتوں کے آثار دریافت کیے ہیں، جس میں مذہبی عبادت گاہیں، گھروں کے کھنڈرات اور مختلف رسوماتی نوادرات شامل ہیں۔

عمارتوں کے اندر سے ملنے والی چیزوں میں انسانوں اور جانوروں کی شکلوں والی مٹی کی مورتیاں، مالائیں، رسوماتی اور مذہبی اشیاء شامل ہیں۔

ایک مرکزی گول عمارت بھی دریافت ہوئی ہے جو پہاڑی کے دامن میں واقع ہے، جس کے گرد پتھر اور مٹی سے بنی پرانی عمارتوں کے آثار موجود ہیں۔

پینی کو کا یہ نیا شہر کیرال (Caral) نامی قدیم ترین امریکی تہذیب کے قریب واقع ہے، جو تقریباً 5,000 سال قبل قائم ہوئی تھی، کیرال کو امریکا کی سب سے پرانی تہذیب مانا جاتا ہے، جہاں 32 بڑے یادگار ڈھانچے، زراعتی نظام اور شہری منصوبہ بندی کے شواہد موجود ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید