• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار کی برسی پر سائرہ بانو کا دل کو چھولینے والا نوٹ

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار (یوسف خان) کی بیوہ سائرہ بانو نے اپنے مرحوم شوہر کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اب بھی ان کے ساتھ ہوں۔ 

اپنے عہد کی خوبصورت ترین اداکارہ اور ہیروئن سائرہ بانو نے دلیپ کمار کی  چوتھی برسی کے موقع پر آج دل کو چھولینے والا نوٹ تحریر کیا اور ایک ویڈیو کے ساتھ اسے شیئر کیا جس میں دلیپ کمار کی دلکش تصاویر بھی شامل ہیں۔ 

انھوں نے اس ویڈیو کے پس منظر میں ایک گانا ' اکیلے چلے گئے ہم' بھی شامل کیا ہے۔ 

81 سالہ سائرہ بانو نے اپنے نوٹ کا آغاز کچھ اس طرح کیا، صاحب کی کمی کبھی پوری نہ ہو سکتی، پھر بھی میں ان کے ساتھ ہوں۔ خیالوں میں، ذہن میں، زندگی میں۔ اس زندگی میں بھی اور اگلے جہاں میں بھی۔ 

اپنے نوٹ میں مزید لکھا، میری روح نے ان کی عدم موجودگی میں بھی ان کے ساتھ چلنا سیکھ لیا ہے۔ ہر سال یہ دن مجھے صاحب کی یادوں کو نازک پھولوں کی طرح سینے سے لگائے ہوئے پاتا ہے۔

اُن کے چاہنے والے، خیرخواہ، دوست اور خاندان والے، انہیں کبھی نہیں بھولے۔ ان تمام کے محبت بھرے اور یادگار پیغامات دعاؤں کی مانند اور گرمجوشی میں لپٹے ہوتے ہیں۔ میں ہر ایک کو دل کی گہرائیوں سے شکر گزاری کے ساتھ پڑھتی ہوں اور یہ جان کر خوشی ہوتی ہے کہ دنیا آج بھی ان کی شخصیت کے لیے اپنے دلوں میں جگہ رکھتی ہے۔ 

واضح رہے کہ برصغیر پاک وہند کے عظیم اداکار دلیپ کمار کا 7 جولائی 2021 میں 98 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال ہوگیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید