دلیپ کمار 1966 میں سائرہ بانو سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے، شادی کے وقت سائرہ بانو دلیپ کمار سے 22 برس چھوٹی تھیں۔
دلیپ کمار نے 44 برس کی عمر میں سائرہ بانو کو اپنی نصف بہتر کے طور پر چُنا۔
جب 12 برس کی سائرہ بانو دلیپ کمار کے عشق میں گرفتار ہوئیں:
سائرہ بانو صرف 12 سال کی تھیں جب انہیں دلیپ کمار سے محبت ہوگئی ، جو اس وقت کا ایک بڑا اسٹار تھا اور 34 برس کی عمر تھی۔
1960 میں ، مغل اعظم کے پریمیئر کے دوران ، ایک 16 سالہ سائرہ پہلی بار اپنے کرش سے ملنے کی توقع کررہی تھیں لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
سائرہ بانو کی دلیپ کمار سے پہلی ملاقات:
کچھ ہی عرصے بعد جب سائرہ بانو کی دلیپ کمار سے ملاقات ہوئی تو گویا اداکارہ کی تمام خواہشیں ہی پوری ہوگئیں۔
سائرہ اس ملاقات کو جادوئی قرار دیتی ہیں۔ ایک انٹرویو میں سائرہ بانو کا بتانا تھا کہ جب ہم پہلے بار ملے تو دلیپ کمار نے مجھے ’خوبصورت لڑکی‘ کے ریمارکس دیے جس نے میرے وجود کو سرشار کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’پہلی ملاقات میں ہی مجھے یہ معلوم تھا کہ میں اس کی بیوی بن جاؤں گی۔‘
سائرہ بانو سے شادی سے قبل دلیپ کمار مدھوبالا کے ساتھ تعلقات میں رہے تھے، اداکار کی کامی کوشل اور وجیانتھیمالا جیسی بالی ووڈ اداکاراؤں سے بھی تعلقات کی خبریں زیرگردش رہی تھیں۔
دلیپ کمار اپنی اداکاری، فیشن اور اسٹائل کے باعث خواتین میں مقبول ترین شخصیت سمجھے جاتے تھے۔
کہا جاتا ہے کہ خواتین میں ان کی مقبولیت اتنی زیادہ تھی کہ وہ ان کی گاڑی کے سامنے گھنٹوں کھڑی رہتی تھیں۔
دلیپ کمار اور سائرہ بانو کو ملوانے میں سائرہ بانو کی والدہ نسیم بانو کا اہم کردار تھا جنہوں نے دونوں کی ملاقات کروائی۔
بعد ازاں دلیپ کمار نے فلم ’جھک گیا آسمان‘ کی شوٹنگ کے دوران سائرہ بانو کو باضابطہ طور پر شادی کی پیشکش کی۔
کہا جاتا ہے کہ دلیپ کمار کی منگنی کے روز انڈسٹری کی ایک خاتون جو دلیپ کمار کی گرل فرینڈ ہونے کا دعویٰ کرتی تھیں، نے نشہ آور گولیاں لے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
دلیپ کمار کو یہ معلوم ہوا تو اس خاتون کے پاس پہنچے اور اسے سمجھایا کہ وہ سائرہ بانو سے محبت کرتے ہیں۔
خاتون کو اپنے حوالے سے مطمئن کرنے کے بعد ہی وہ اپنی منگنی کی تقریب میں واپس آئے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی برسوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔