وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کے لیے خصوصی پیکیج کی منظوری دیدی گئی۔
معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر کی زیر صدارت یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے ساتھ اجلاس ہوا، جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور نیشنل ورکرز یونین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق معاہدے کے تحت متاثرہ ملازمین کو کمپنسیٹری پیکیج دیا جا رہا ہے، جس کے چیک کی تقسیم کا عمل شروع کردیا گیا۔
معاہدے کے مطابق اہل ملازمین کو مرحلہ وار 40 فیصد پھر 30-30 فیصد ادائیگیاں کی جائیں گی، 2024ء اور 2025ء کے سالانہ انکریمنٹس بھی پیکیج میں شامل ہیں۔
ہارون اختر نے کہا کہ حکومت مالی تعاون فراہم کرے گی تاکہ ملازمین کو ادائیگیاں یقینی ہوسکیں، حکومت مزدوروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن کےمطابق ورکرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے، ملازمین کی اکثریت نے رضا کارانہ طور پر پیکیج قبول کرلیا۔
معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح متاثرہ خاندانوں کا مالی تحفظ ہے۔