• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ حسینہ کیساتھ قتل کی شریک ملزمہ بنگلادیشی اداکارہ کو ضمانت مل گئی

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) ڈھاکا کی ایک عدالت نے اتوار کے روز بنگلہ دیشی اداکارہ اپو بسواس کو ضمانت دے دی، جن پر دارالحکومت کے بھاتارا علاقے میں جولائی-اگست کی عوامی بغاوت کے دوران انعام الحق نامی شخص کو قتل کرنے کی مبینہ کوشش کا مقدمہ درج ہے۔ وہ اس مقدمے میں معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کے ساتھ شریک ملزمہ ہیں، جو گزشتہ سال اگست میں بھارت فرار ہو گئی تھیں اور تب سے وہیں مقیم ہیں۔ ڈھاکا کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ مستفیض الرحمٰن نے یہ حکم اس وقت دیا جب اپو بسواس عدالت میں پیش ہوئیں اور ضمانت کی درخواست کی۔ اپو بسواس نے اس مقدمے میں 2 جون کو ہائی کورٹ سے چھ ہفتے کی عبوری ضمانت حاصل کر لی تھی۔ مقدمے کے کاغذات کے مطابق انعام الحق دیگر طلبہ کے ساتھ 19جولائی 2024 کو سڑکوں پر نکلا تھا، جس کے بعد ان پر گولیاں چلائی گئیں، اور ان کے پیر میں گولی لگی۔ علاج کے بعد انہوں نے معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ سمیت 283 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
اہم خبریں سے مزید