جہلم میں سیلاب کے بعد ریسکیو آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز سیلاب میں بہہ جانے والے تھانہ چوٹالا پولیس اہلکار کی لاش مل گئی ہے۔
جہلم میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے دوران ریلے میں بہنے والے پولیس کانسٹیبل حیدر علی کی لاش مل گئی، سیلاب میں پھنسے لوگوں کی مدد کے دوران حیدر علی کے ہاتھ سے رسی چھوٹ گئی اور وہ ریلے میں بہہ گئے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے حیدر علی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علی حسن نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ریلے میں پھنسے شہریوں کی جان بچالی مگر خود سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے شہداء پیکج کے تحت شہید کے اہل خانہ کی مالی کفالت کی جائے گی۔