گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سیلاب کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سازش اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر عیدِ میلادالنبی ﷺکے جلوس کے دوران کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں سیلاب آیا ہوا ہے، جو معرکۂ حق کے نتیجے میں بھارتی سازش اور نریندر مودی کی بزدلانہ کارروائی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سب چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا میں خوش حال ملک ہو اور ترقی کرے، ہم بہترین سفارت کاری سے ثابت کریں گے کہ یہ بھارت کی آبی دہشت گردی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کو اللّٰہ کے نبی ﷺ کےجشنِ میلاد کی مبارک باد دیتا ہوں، ہم نبی ﷺ کے غلام ہیں اور نبی ﷺ کے عاشق بزدل نہیں ہوتے۔
کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے ہم پاکستان میں پیارے نبی ﷺ کا یومِ ولادت منا رہے ہیں، آج جلوس میں ہزاروں لوگ شریک ہیں، ہم نبیٔ کریم ﷺ کی شان میں نعت پڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی خوشی کوئی ہو ہی نہیں سکتی، دعا کرتا ہوں اللّٰہ اس مہینے کی برکت سے ہمیں کامیابیاں دے، دنیا بھر میں مسلمان 12ربیع الاوّل کے انتظار میں گھروں کو سجا رہے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں جشنِ میلادالنبی ﷺ کا روزانہ کی بنیاد پر اہتمام کیا ہے، یہ دنیا اللّٰہ نے اپنے محبوب کے لیے بنائی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ہم اپنے نبی ﷺ کی سیرت پر عمل کریں تو ہماری مشکلات دور ہو سکتی ہیں، مغرب نے جن قوانین کا اطلاق کیا ہے، وہ ہمارے نبی ﷺ کے اخلاق سے اخذ کیے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ اس جلوس میں12 ہزار سے زائد حفاظ کرام موجود ہیں، ملک شام کے مذہبی رہنما ہمارے ساتھ موجود ہیں، ان سے درخواست ہے کہ پاکستان کی سلامتی، فوج اور عوام کے لیے دعا کروائیں، یہ ملک اللّٰہ نے ہمیں رمضان کی 27 ویں شب میں عطاء کیا ہے۔