• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ کا المیہ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کو ظاہر کرتا ہے: عاصم افتخار

اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار---فوٹو اسکرین گریپ
اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار---فوٹو اسکرین گریپ

اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے عرب میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ غزہ کا المیہ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کو ظاہر کرتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ ہمارا موقف فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے واضح ہے، ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کے مطابق فلسطینی عوام کے حق کو جائز مانتے ہیں۔

انہوں نے کہا 2 ریاستی حل کے حوالے سے سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ قیادت میں ہونے والی کانفرنس عالمی برادری کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اکھٹے ہوں اور فلسطینی معاملے پر اپنی حمایت کا اظہار کریں۔

عاصم افتخار نے بتایا اس کانفرنس کی تیاری کے حوالے سے منعقد ہونے والی 8 گول میز کانفرنس میں پاکستان نے دو ریاستی حل کے انسانی اور قانونی پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

ہم غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم مذاکرات میں براہ راست شریک نہیں، لیکن ہمارے اہم فریقوں سے رابطے ہیں۔

انہوں نے کہا بدقسمتی سے اسرائیل کی جانب سے آگے بڑھنے کے کوئی مثبت اشارے موصول نہیں ہوئے، ہم اس وقت 2 ریاستی حل کے تناظر میں فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پاکستان نے اپنے دفاع میں جو کچھ کیا پاکستان اس کا حق رکھتا ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا ہم عالمی سطح پر مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، ہم بھارت کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید