پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 خوارج کو ہلاک اور 8 کو گرفتار کر لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 16 سے 20 جولائی مالاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی، ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشنز کیے، کارروائی بھارتی ایجنسی کی دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
4 روزہ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت سے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
خوارج کے زیرِ استعمال 2 ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے، دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نے ریاست کی انسدادِ دہشت گردی کی کاوشوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، مقامی لوگوں نے اس آپریشن کو سراہا، علاقے میں موجود کسی بھی خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
مالاکنڈ میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن پر وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائی میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز اور معاون اداروں کی ستائش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کارروائی مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔