چوری شدہ مڈونا اینڈ چائلڈ نامی پینٹنگ 50 سال بعد اٹلی واپس پہنچا دی گئی۔
ایک نایاب اور تاریخی پینٹنگ 16ویں صدی میں مشہور اطالوی مصور انٹونیو سولاریو نامی مصور نے تخلیق کی تھی جو بالآخر 50 سال بعد اٹلی کے میوزیم کو واپس کر دی گئی۔
یہ پینٹنگ 1973ء میں اٹلی کے شہر بیلونو کے سوک میوزیم سے چوری ہوئی تھی اور حیران کن طور پر گزشتہ کئی دہائیوں سے انگلینڈ میں باربرا ڈی ڈوزسا نامی خاتون کے گھر میں موجود تھی۔
باربرا کے مطابق ان کے مرحوم شوہر نے یہ پینٹنگ آسٹریا میں ایک نامعلوم فروخت کنندہ سے خریدی تھی، اس وقت انہیں علم نہیں تھا کہ یہ چوری شدہ ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق باربرا کئی سالوں تک یہ پینٹنگ واپس کرنے سے انکار کرتی رہیں، یہاں تک کہ جب بین الاقوامی سطح پر اس کی چوری کا اعتراف بھی ہو چکا تھا تو وہ دعویٰ کرتی رہیں کہ ان کے شوہر نے یہ پینٹنگ خریدی تھی، اس لیے یہ ان کی ملکیت ہے۔
بالآخر کئی مرتبہ کی کوششوں کے بعد باربرا نے فیصلہ کیا کہ وہ یہ پینٹنگ اصل میوزیم کو واپس کر دیں گی، یہ فن پارہ اب واپس سوک میوزیم پہنچا دیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت میوزیم سے کئی فن پارے چوری کیے گئے تھے، ان میں سے کچھ آسٹریا میں برآمد ہوئے، مگر انٹونیو سولاریو کی یہ پینٹنگ برطانیہ جا پہنچی تھی۔