امریکی اداکارہ ڈائمنڈ ٹینکرڈ نے وال مارٹ میں خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق مشہور سیریز ’تھکر دین واٹر‘ کی سابق اسٹار 21 سالہ ڈائمنڈ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ٹینیسی کے علاقے میں وال مارٹ اسٹور میں ایک خاتون پر حملہ کردیا اور اس کا آئی فون 14 اور ہینڈ بیگ بھی چرالیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے مبینہ طور پر پیچھے سے آکر خاتون کے بال کھینچے اور اسے مکے مارے، حملے کے دوران انہوں نے پتھروں سے بھری جرابیں نکال کر اس سے خاتون کے چہرے پر ضربیں بھی لگائیں، جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
اداکارہ کے حملے میں خاتون کی پیشانی پر گہرا زخم آیا، جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم پولیس نے اداکارہ کو گرفتار کرکے اقدام قتل اور چوری کا مقدمہ درج کرکے جیل منتقل کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق اداکارہ اس سے قبل بھی متعدد بار لوگوں کو نقصان پہنچانے میں ملوث رہی ہیں، دسمبر 2023 میں بھی ان پر قتل کی کوشش کا مقدمہ درج ہوا تھا، جب انہوں نے اپنی گاڑی سے ٹکر مار کر ایک خاتون کو زخمی کردیا تھا۔