• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میک اپ کا روزانہ استعمال خواتین میں دمہ کی وجہ بن سکتا ہے: نئی تحقیق

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ایک حالیہ طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزمرہ میک اپ کی مصنوعات جیسے لپ اسٹک، بلش اور فیک نیلز کا مستقل استعمال خواتین میں جوانی کے بعد دمہ (asthma) لاحق ہونے کے خطرات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔

امریکا کے نیشنل ہارٹ، لنگ اینڈ بلڈ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین کی 12 سالہ تحقیق میں تقریباً 40 ہزار خواتین کا جائزہ لیا گیا، اس دوران معلوم ہوا کہ جو خواتین مسلسل بیوٹی مصنوعات استعمال کرتی تھیں، ان میں بالغ عمر میں دمہ لاحق ہونے کا خطرہ 19 سے 22 فیصد تک زیادہ پایا گیا۔

صرف بلش اور لپ اسٹک ہفتے میں 5 یا اس سے زائد مرتبہ استعمال کرنے والی خواتین میں دمہ کا خطرہ 18 فیصد بڑھا جبکہ فیک نیلز، لپ اسٹک اور بلش استعمال کرنے والی خواتین میں یہ خطرہ 47 فیصد تک بڑھ گیا۔

ماہرین کے مطابق ان بیوٹی مصنوعات میں موجود بعض کیمیکل انسانی جسم میں ہارمونل نظام میں مداخلت کر سکتے ہیں اور مدافعتی نظام کو بھی کمزور کر سکتے ہیں، ان کیمیکلز کو Endocrine Disrupting Chemicals (EDCs) کہا جاتا ہے۔

تحقیق میں شامل 1774 خواتین یعنی کل شرکاء کا تقریباً 4 فیصد تحقیق کے اختتام تک بالغ عمر میں دمہ کا شکار ہو چکی تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ تحقیق براہِ راست سبب و اثر کو ثابت نہیں کرتی لیکن واضح تعلق کی نشاندہی ضرور کرتی ہے۔

تحقیقی جریدے Environment International میں شائع اس مطالعے میں ماہرین نے زور دیا کہ پرسنل کیئر کی مصنوعات (Personal Care Products) کی ساخت اور کیمیکل اجزاء کی سخت نگرانی اور ضابطہ کاری کی ضرورت ہے۔

صحت سے مزید