اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پاکستان نے آئی ایم ایف سے 5768 ملین ڈالر مالیت کا قرضہ لیا جبکہ اس دوران 4415 ملین ڈالر قرضہ کی آئی ایم ایف کو واپس ادائیگی کی گئی۔ انہوں نے یہ بات پیر کی شام قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نسیمہ حفیظ بانیزئی کے سوال کے جواب میں بتائی۔ جبکہ عائشہ سید کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران حکومت دس غیر ملکی مالیاتی اداروں اور بینکوں سے مجموعی طور پر 14163.33 ملین ڈالر کا قرضہ لیا۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ پاکستان میں 55 ملین افراد خط غربت کے نیچے زندگی بسر کرتے ہیں۔ اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ جاپان سے 2014 اور 2016 کےدوران 50 ملین ڈالر اور 4.3 ملین ڈالر کا قرضہ لیا گیا ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 399.16 ملین ڈالر 18.7 ملین ڈالر اور 399.99 ملین ڈالر کے قرضے لئے گئے۔ عالمی بینک سے چار قسطوں میں 2000 ملین ڈالر قرضہ لیا گیا۔ یہ قرضے مختلف اصلاحاتی پروگراموں کے لیے لئے گئے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت سول آرمڈ فورسز 7439 کلومیٹر پر مشتمل سرحدی علاقہ کی حفاظت کررہی ہیں۔ فورسز نے گزشتہ تین سالوں میں 16967 کلو گرام حشیش، 209 کلو گرام ہیروئن،2525 کلو گرام افیون اور 51984 بوتل شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانی اور اسے ضبط کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت کو 2012-13 میں جی ڈی پی کا 8.3 فی صد مالی خسارہ وراثت میں ملا۔ 2015-16 میں اسے کم کرکے 4.6 فی صد پر لایا گیا ہے۔ محاصل کو جی ڈی پی کے 15.1 فی صد تک بڑھایا گیا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے تحریری جواب میں بتایا کہ مانسہرہ ائرپورٹ کے لئے ایک ہزار ایکڑ اراضی کے حصول کی منظوری دی گئی ہے جس پر ایک ارب 60 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ امریکہ نے تین سالوں میں کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں کل 3439.1 ملین ڈالر دئیے۔ گزشتہ تین برسوں میں دفاعی اخراجات کو سی ایس ایف کے تحت بالترتیب 67 ملین ڈالر،123 ملین ڈالر اور 80 ملین ڈالر علامتی میزانیہ کے طور پر دئیے گئے۔ احسن اقبال نے بتایا کہ سی پیک کے تحت23 کول پاور پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے قومی اسمبلی کے منتخب ارکان کو کوئی رقوم جاری نہیں کی گئیں۔ عائشہ سید کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران حکومت دس غیر ملکی مالیاتی اداروں اور بینکوں سے مجموعی طور پر 14163.33 ملین ڈالر کا قرضہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2015-16 کے دوران وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنو عا ت پر عائد ٹیکسوں سے ہونے والی آمدن میں سے 317.460 ارب روپے صوبوں کو ادا کئے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے بتایا کہ نادرا انگلیوں کے خود کار شناختی نظام کے ذریعے مختلف شہریوں کے کئی ایک پا سپو ر ٹ پر کارروائیاں کر رہا ہے کل 11.823 کارروائیاں کی گئیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومتی افسروں کو ملنے والے ہائوس بلڈنگ ایڈوانس، موٹر کار یا موٹرسائیکل ایڈوانس پر سود معاف کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ وزیر منصوبہ بندی نے بتایا کہ ملک میں 55 ملین افراد خط غربت کے نیچے زندگی بسر کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد میں کل 1945 کیمرے لگائے جائینگے، ان میں سے 1805 کیمرے لگائے جاچکے ہیں۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک نے 2015-16 کے دوران کسانوں کو 90976.6 ملین روپے کے قرضے دئیے۔ محمد مزمل قریشی کے سوال پر اسحاق ڈار نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں حکومت نے ملکی کمرشل بینکوں سے 18736.7 ملین روپے قرضہ لیا۔ چوہدری نثار علی نے بتایا کہ نادرا نے 1420 شناختی کارڈ بلاک کئے ہیں۔