• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس زلزلہ: زمین لرز گئی، سائرن بج گئے، ویڈیو وائرل

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

روس کے مشرقی ساحل کے قریب کامچٹکا جزیرہ نما میں 8.8 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا ہے۔ شدید زلزلہ کے سبب بحر الکاہل میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث بحر الکاہل سے متصل جن ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے ان میں روس، الاسکا، ہوائی اور جاپان قابلِ ذکر ہیں۔

کامچٹکا کے علاقے سے مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں، جن میں عمارتوں کے اندرونی مناظر ہیں۔ 

ویڈیوز میں رہائشی عمارتوں میں مختلف اشیا کو زلزلے کی شدت کے سبب لرزتے ہوئے دکھایا گیا ہے، متعدد مقامات پر املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ایک ویڈیو میں رہائشی اپارٹمنٹ کے اندر فرنیچر کو زلزلے کے جھٹکوں کے سبب ہلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں اس لمحے کو دکھایا گیا ہے جب روس کے زلزلہ پیما مرکز نے طاقتور زلزلے کی نشاندہی کرتے ہوئے خطرے کے سائرن بجا دیے۔

ایک فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک عمارت خطرناک انداز میں لرز رہی ہے۔

دوسری جانب ابھی تک زلزلے کے جھٹکوں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

امریکی کوسٹ گارڈ نے اعلان کیا ہے کہ کامچٹکا زلزلے کے سبب تمام بندرگاہیں آنے والے جہازوں کے لیے بند ہیں۔

امریکی کوسٹ گارڈ نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام تجارتی جہاز ہوائی کے تجارتی بندرگاہوں سے نکل جائیں۔

خاص رپورٹ سے مزید