کیلیفورنیا میں ڈور بیل کیمرے نے ایک پراسرار سائے کی ویڈیو ریکارڈ کی ہے، جس پر خلائی مخلوق کی سرگرمیوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
جیسیکا اورٹیز نامی خاتون نے سوشل میڈیا پر وہ فوٹیج شیئر کی جو ان کے رنگ کیمرے نے اندھیرا ہونے کے بعد کامپٹن میں واقع ان کے گھر کے باہر ریکارڈ کی تھی۔
ویڈیو میں بظاہر ایک غیر معمولی شکل کا سایہ گھر کے ساتھ چلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
اورٹیز نے سوشل میڈیا پوسٹ پر لکھا ہے کہ کوئی تو مجھے سمجھائے کہ میرے بیل ڈور کیمرے نے ابھی کیا ریکارڈ کیا ہے؟ مجھے کوئی وہم تو نہیں ہو رہا؟ میرا بیٹا بھی اس فوٹیج سے اتنا ہی حیران ہوا ہے جتنی میں۔
اورٹیز نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میرا بیٹا اس ویڈیو کو دیکھ کر اپنے بستر پر اٹھ کر بیٹھ گیا اور 3 بار چلایا، جب اس نے تیسری بار دیکھ لیا، تو اس نے کہا کہ یہ تو خلائی مخلوق ہے، پولیس کو بلائیں، میں نے سوچا کہ میں کسی خلائی مخلوق کے لیے پولیس کو نہیں بلا رہی، اگر ایسا کیا تو میں پاگل لگوں گی۔
بعض نے تبصرہ کیا کہ یہ سایہ کسی خلائی مخلوق یا کسی اور پراسرار مخلوق سے ملتا جلتا ہے، جبکہ کچھ نے قیاس کیا کہ یہ ٹوپی پہنے ہوئے کوئی شخص یا سیاہ لباس میں ملبوس کوئی شخص ہو سکتا ہے جو ہلکے رنگ کا بیگ اٹھائے ہوئے تھا۔
اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر 10 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے، تاہم اورٹیز کو اب تک کوئی حتمی جواب نہیں ملا ہے۔