امریکا اور نیٹو یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے کے لیے ایک نیا طریقۂ کار اختیار کر رہے ہیں جس کے تحت نیٹو ممالک کے فنڈز سے امریکی ہتھیاروں کی خریداری یا منتقلی کی ادائیگی کی جائے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایک یورپی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس طریقۂ کار کے ذریعے نیٹو اتحادی یوکرین کو 10 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار فراہم کرنے کی امید رکھتے ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ اسلحہ کس مدت میں فراہم کیا جائے گا۔
سینئر نیٹو عہدیدار نے بھی اس اقدام کو نیٹو کی جانب سے مربوط رضاکارانہ کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نئے منصوبے میں ایک نیٹو اکاؤنٹ شامل ہے جہاں اتحادی ممالک یوکرین کے لیے اسلحہ خریدنے کے لیے رقم جمع کروا سکتے ہیں، اسے نیٹو کے اعلیٰ فوجی کمانڈر کی منظوری حاصل ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق نئے طریقۂ کار کے تحت یوکرین کے لیے اسلحہ کی ایک کھیپ سے متعلق بات چیت جاری ہے۔
دوسری جانب رپورٹ میں بتایا گہا ہے کہ نیٹو ہیڈکوارٹر، وائٹ ہاؤس، پینٹاگون، اور واشنگٹن میں یوکرینی سفارت خانے نے اس خبر پر تبصرے کی درخواستوں پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔