• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی ٹرمپ کے سامنے اڈانی کیخلاف جاری تحقیقات کے سبب بے بس ہیں: راہول گاندھی

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی امریکی صدر ٹرمپ کی باتوں کا جواب اِس لیے نہیں دے پا رہے کیونکہ امریکا میں اڈانی گروپ کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

راہول گاندھی نے نریندر مودی کے خلاف اپنے نئے بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ مودی، اڈانی اور روسی تیل کے معاہدوں کے درمیان مالی معاملات کو بےنقاب کر سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مودی خاموش ہیں۔

گزشتہ روز راہول گاندھی نے ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ایک دھمکی یہ ہے کہ مودی، اڈانی اور روسی تیل کے سودوں کے درمیان مالی روابط کو بے نقاب کیا جا سکتا ہے، وزیر اعظم کی بےبسی اس بات کی غماز ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے مفادات کا دفاع کرنے میں آزاد نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ راہول گاندھی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا کہ جب اڈانی گروپ پر مختلف مالیاتی بےضابطگیوں اور مبینہ بین الاقوامی لین دین کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا ’دی اکنامک ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق کانگریس، حکمراں جماعت اور مودی پر مسلسل الزام لگاتی رہی ہے کہ وزیر اعظم مودی اور صنعت کار گوتم اڈانی کے درمیان گہرے روابط ہیں جن سے شفافیت اور حکومت کی غیرجانبداری پر سوال اٹھتے ہیں۔

اس الزام نے ایک مرتبہ پھر مودی حکومت اور کارپوریٹ اداروں کے مبینہ گٹھ جوڑ کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

دوسری جانب بی جے پی کی جانب سے تاحال راہول گاندھی کے اس تازہ دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید