• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ نے غزہ پر کنٹرول کے مذموم منصوبے کی منظوری دے دی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ نے وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو کا ایک ایسا مذموم منصوبہ منظور کر لیا جس کے تحت اسرائیلی فوج غزہ شہر کا مکمل طور پر کنٹرول سنبھالے گی۔

یاد رہے کہ اسرائیلی کابینہ نے غزہ کا مکمل طور پر فوجی کنٹرول حاصل کرنے کی منظوری نیتن یاہو کے اُس اعلان کے بعد دی جس میں نتین یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل اپنی سلامتی کے لیے پورے غزہ پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ حماس کو وہاں سے ہٹایا جا سکے اور مقامی آبادی کو ’آزاد‘ کیا جا سکے۔

سیکیورٹی کابینہ کے اجلاس سے قبل امریکی ٹی وی چینل ’فاکس نیوز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ہم پورے غزہ پر کنٹرول حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ اپنی سلامتی یقینی بنائیں، حماس کو غزہ سے نکالیں اور غزہ کے عوام کو آزادی فراہم کریں۔

نتین یاہو کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اس علاقے کو مستقل قبضے میں نہیں رکھے گا بلکہ ایک ’سیکیورٹی پیرا میٹر‘ قائم کرنے کے بعد اسے عرب افواج کے حوالے کر دے گا، عرب افواج غزہ میں ایسا نظام چلائیں گی جو اسرائیل کے لیے خطرہ نہ ہوں اور غزہ کے عوام کو بہتر زندگی دے سکے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابینہ نے نتین یاہو کا منصوبہ منظور ہونے کے بعد وزیرِاعظم نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ سیکیورٹی کابینہ نے ’حماس کو شکست دینے کے وزیراعظم کے منصوبے‘ کی منظوری دے دی ہے، اس منصوبے کے تحت اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے غزہ کا کنٹرول سنبھالنے کی تیاری شروع کر دی جبکہ جنگی علاقوں سے باہر شہری آبادی کو انسانی امداد فراہم کی جائے گی۔

نتین یاہو کے دفتر کے بیان کے مطابق جنگ کے اختتام کے لیے سیکیورٹی کابینہ نے پانچ اصول طے کیے ہیں جن میں حماس کا مکمل غیر مسلح کیا جانا، تمام مغویوں کی واپسی، غزہ کی عسکری صلاحیت کا خاتمہ، غزہ پر اسرائیلی سیکیورٹی کا کنٹرول ہونا اور ایسی متبادل سول انتظامیہ کا قیام ہے جس کا تعلق نہ حماس سے ہو اور نہ ہی فلسطینی اتھارٹی سے ہو۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید