بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار عامر خان کے خاندان نے اِن کے بھائی، فیصل خان کے حالیہ متنازع بیانات پر باضابطہ طور پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اِنہیں ’تکلیف دہ اور گمراہ کُن‘ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ مسٹر پرفیکشنسٹ، عامر خان کے بھائی فیصل خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنے خاندان کے حوالے سے کچھ ایسے بیانات دیے جنہیں خان فیملی نے حقیقت کے برعکس قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کے خاندان نے پہلی بار جاری کیے گئے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب فیصل نے اس نوعیت کے بیانات دیے ہوں، ان بیانات پر ماضی میں عامر خان اور ان سے جڑے قریبی رشتے خاموش رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کی فیملی کا کہنا ہے کہ ہم فیصل کی جانب سے دیے گئے اپنی والدہ، بہن اور بھائی عامر خان کے خلاف گمراہ کُن اور تکلیف دہ بیان سے افسردہ ہیں، ہم ضروری سمجھتے ہیں کہ اس بار ہم ان بیانات پر واضح ردِ عمل دیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فیصل خان کی ذہنی صحت کے لیے متعدد طبی ماہرین سے مشورہ کیا گیا ہے اور ہر فیصلہ محبت، ہمدردی اور ان کی جذباتی و نفسیاتی بھلائی کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
عامر خان کے خاندان نے فیصل خان کی ذہنی صحت کو متاثر قرار دیتے ہوئے میڈیا سے اپیل کی کہ اس معاملے کو ہمدردی اور حساسیت کے ساتھ دیکھا جائے اور اسے سنسنی خیز یا گپ شپ کے موضوع میں نہ بدلا جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کی فیملی نے یہ بیان خاندان کے متعدد افراد کے دستخط کے ساتھ جاری کیا ہے جس میں عامر خان کی پہلی بیوی رینا دتہ، بیٹے جنید خان، بیٹی ایرا خان اور خود عامر خان کے دستخط بھی شامل ہیں۔