• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

السی کے بیج دل کی صحت کے لیے انتہائی مفید

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ماہرین صحت نے السی کے بیج دل کی صحت کے لیے انتہائی مفید قرار دے دیے۔

السی کے بیج غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، ان میں فائبر، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور اینٹی آکسیڈنٹس کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو دل کی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔

السی کے بیج میں دو طرح کے فائبر پائے جاتے ہیں، حل پذیر فائبر جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے اور غیر حل پذیر فائبر جو آنتوں کی کارکردگی کو بہتر کرتا ہے۔

یہ بیج وٹامنز اور منرلز سے مالا مال ہیں، خاص طور پر وٹامن بی کی موجودگی دل کی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

2018ء میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ السی کے بیج خون اور جلد کے کینسر سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

 یہ بیج خلیوں میں کارسینوجنز carcinogen کو غیر مؤثر بنانے والے اور سوزش کم کرنے والے انزائمز کی مقدار بڑھاتے ہیں، جس سے کینسر کے خلیوں کی افزائش کم ہو جاتی ہے۔

ماہرینِ صحت کے مطابق السی کے بیج وزن میں کمی کے لیے بھی مفید ہیں کیونکہ ان میں موجود حل پذیر فائبر ہاضمے کے عمل کو سست کر کے پیٹ کو دیر تک بھرا رکھتا ہے۔

ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ السی کا تیل کھانے میں شامل کیا جائے یا سلاد پر ڈال کر استعمال کیا جائے، السی کے بیج کو براہِ راست کھانے کے بجائے پیس کر کھائیں تاکہ آنتوں میں آسانی سے ہضم ہو سکیں۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

صحت سے مزید