• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

السی کے حیرت انگیز فوائد اور استعمال

غذائیت سے بھر پور ہونے کے سبب السی کو سپر فوڈ قرار دیا جاتا ہے اور اس کے استعمال کے بے شمار فوائد بھی ہیں جنہیں نظر انداز کرنا بیوقوفی ہے، السی کی تاثیر گرم ہونے کے سبب اس سے بنی موسم سرما کی سوغات السی کی پِنیوں (لڈو) کا استعمال صحت پر حیران کُن فوائد مرتب کرتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق السی کے بیج غذائیت اور فوائد سے بھر پور ہیں، السی میں متعدد نسوانی شکایات کا حل موجود ہے اسی لیے اسے خواتین کے لیے ضروری غذا قرار دیا جاتا ہے، السی میں بڑی تعداد میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے جس کے سبب خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے جن میں جِلد کا صاف ہونا، بالوں کا مضبوط اور لمبے ہونا شامل ہے۔

السی کا استعمال کھانسی، نزلہ، زکام، بلغم، جوڑوں کے درد، کینسر سے بچاؤ، موٹاپا، گردے میں پتھری، بواسیر، خواتین کے رحم کی رسولیاں، جِلدی بیماریاں، دل کے امراض، تھکن ، سُستی وغیرہ کےلیے بہترین ہے۔

السی کے 100 گرام میں 534 کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ 42 گرام سیچوریٹڈ فیٹ، 30 گرام ملی سوڈیم ، 813 ملی گرام پوٹاشیم، 29 گرام کاربوہائیڈریٹس، 27 گرام ڈائیٹری فائبر، 1.6 گرام شوگر اور 18 گرام پروٹین پایا جاتا ہے ۔

اس کے علاوہ السی کی 100 گرام مقدار میں 25 فیصد کیلشیم، 31 فیصد آئرن، 25 فیصد وٹامن بی 6 اور 98 فیصد میگنیشیم بھی پایا جاتا ہے، مسلز بنانے کے خواہشمند افراد کے لیے السی کا استعمال سودمند ثابت ہوتا ہے۔

السی کے بیجوں کا استعمال صدیوں سے کیا جا رہا ہے جبکہ موسم سرما میں اس سے ایک سوغات السی کی پنیاں بنائی جاتی ہیں جس کے استعمال سے غذائیت سمیت حرارت بھی ملتی ہے۔

السی کی مزیدار پنیاں (لڈو) بنانے کی ترکیب:

درکار اجزا

کچی گندم آدھا کلو، السی آدھا کلو،  گھی تین پاؤ ( اصلی گھی لے لیں تو بہتر ہوگا)، گوند سو گرام،  چینی تین پاؤ،  چار مغز سو گرام، بادام سو گرام،  پستے سو گرام، الائچی دس عدد اور زردے کا رنگ۔ 

پنیاں بنانے کا طریقہ:

فوند کو فرائ کر لیں تاکہ وہ پھول جائے، اب کچی گندم اور السی کو الگ الگ ہلکا سا بھون لیں( جلنے سے بچائیں)، اب دونوں کو مکس کر کے گرائنڈر میں پیس لیں، اب اس سفوف کو کڑاہی میں ڈال کر گھی میں مزید بھون لیں، اب گوند کا چورا کر کے اس میں شامل کر لیں۔

اب چینی کا شیرا بنا کر اس میں چار مغز، بادام، پستے، الائچی اور زردہ رنگ (حسب ضرورت) شامل کریں، اچھی طرح سے ہلائیں اور اب اس میں   السی گندم اور گوند ڈال کر مکس کریں۔

اچھی طرح سے سب چیزیں مکس ہونے کے بعد یکجان نظر آنے پر چولہے سے اُتار کر ٹھنڈا کریں اور اس کی لڈو کی شکل کی پنیاں بنا کر ایئر ٹائٹ جار میں محفوظ کرلیں۔

دوسرا طریقہ:

السی، دیسی گھی، گندم کا آٹا اور گُڑ ڈیڑھ، ڈیڑھ کلو لے لیں، اب پہلے السی اور گندم کے آٹے کو علیحدہ علیحدہ بھون لیں اور پھر گرائنڈ کرلیں، اب دونوں چیزیں مکس کر کے گھی میں بھون لیں۔

اب گُڑ کی 1/2 کلو دودھ میں چاشنی بنا لیں اور السی اور آٹے کا سفوف اس میں ملا کر حسب منشا  پینیاں (لڈو) بنا لیں۔

پنیوں میں خشک میوہ جات، تل اور کشمش بھی شامل کی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین