وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و ترقی کے نئے باب رقم کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے ڈی آئی خان میں پولیس لائن ڈیرہ میں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت اور پرچم کشائی کی۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے یادگارِ شہداء پولیس پر سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیرِ اعلیٰ نے ڈی آئی خان میں یومِ آزادی کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران خیبر پختونخوا سمیت پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد ہی ہماری طاقت ہے، صوبے میں خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی بھی لازوال قربانیاں ہیں۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ امن اور عوامی فلاح کے لیے دن رات کام جاری ہے، عوام نے منتخب کیا ان کی اُمیدوں پر پورا اتریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کے اعتماد اور محبت کو عملی اقدامات سے سچ ثابت کریں گے، نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، روشن مستقبل کے لیے انہیں بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے۔